پتوکی میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی، 5 دن میں 6 بچے جاں بحق،وزیراعلیٰ کا نوٹس

09:28 AM, 29 May, 2024

نتاشا رحمان

ویب ڈیسک: (نتاشا رحمان) پتوکی اور اس کے نواحی علاقوں میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی، وبائی مرض نے 5 دن میں 6 بچوں کی جان لے لی جبکہ مزید 6 کی حالت تشویشناک ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پتوکی میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری ہیلتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف  نے وزرا  اور محکمہ صحت کے حکام کو فوری طور پر پتوکی پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خسرہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز نے کہا کہ محکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔کوتاہی کی ذمہ داری  کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں خسرہ سمیت امراض کی ویکسینیشن یقینی بنانے کا حکم  دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسز کو مانیٹر کیا جائے۔متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت  نہ کی جائے گی۔

قبل ازیں پتوکی کے نواحی علاقوں میں خسرے کی مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 5 دن کے دوران 6 بچے موزی مرض کی وجہ سے دم توڑ گئے اور مزید 6 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

متاثرہ بچوں کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ پر غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے بچے جان کی بازی ہار گئے، لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے محکمہ صحت کے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ادھر سوشل میڈیا پر خسرے سے بچوں کی ہلاکتوں کی خبر وائرل ہونے کے بعد ڈی ایچ او قصور اور ڈی ڈی ایچ او پتوکی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ علاقے ٹھٹھہ کمیانہ پہنچ گئے ہیں، انہوں نے متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا، خسرے بچاؤ کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے ہیں۔

مزیدخبریں