ویب ڈیسک: خیبرپختونخواہ میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، سوات، دیر، بونیر اور چترال میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
پشاور میں سول سوسائٹی اور شہریوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کا اختتام قلعہ بالاحصار پر ہوا۔ اس موقع پر شہریوں نے پاک فوج اور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس اہم دن کے موقع پر مختلف اضلاع میں ریلیوں میں شرکاء کی جانب سے سائنسدانوں اور انجینئرز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جبکہ سکولوں میں بھی مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جن میں سکول کے بچوں نے یوم تکبیر کے حوالے سے تقریریں کیں اور ملک کی حفاظت کرنے والے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے حکام کی جانب سے سکولوں میں 1998 کے ایٹمی دھماکوں کی ضرورت اور اہمیت پر لیکچرز دیے گئے۔ عوام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
قبائلی شہریوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ پوری قوم یکجا ہے۔