رفع پرمظالم ، سوشل میڈیا پر  آل آئیز آن رفع ’’ کا ٹرینڈ ٹاپ پر

04:40 PM, 29 May, 2024

طیبہ نقشی

ویب ڈیسک : (طیبہ نقشی ) رفع پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں درجنوں بچوں سمیت فلسطینیوں کی شہادت پر سوشل میڈیا پر  ’’ آل آئیز آن رفع ’’ کا ٹرینڈ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، ہالی وڈ بالی وڈ سیلیبریٹیز سمیت اہم شخصیات کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی۔

پ نے دیکھا ہوگا کہ لوگ انسٹاگرام، ایکس، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر ‘آل آئیز آن رفح’ لکھ کر اپنی بات پوسٹ کر رہے ہیں اور تصویر کے کیپشن میں یہ ہیش ٹیگ استعمال کر رہے ہیں۔ 

رفح میں پناہ گزین کیمپ پر حملے کے بعد  پاکستان سمیت دنیا بھر میں  معروف پرسنیلٹیز اس سے ‘آل آئیز آن رفح’ کے موضوع پر سوشل میڈیا پر اپنے خیالات ظاہرکررہے ہیں۔ 

بالی ووڈ، ہالی ووڈ اور کھیلوں کی دنیا کی کئی بڑی شخصیات نے اس موضوع پراپنی رائے کو شیئر کیا ہے۔

‘آل آئیز آن رفح’ نام کی یہ مہم زیادہ تر کارکنان اور انسانی تنظیموں کی جانب سے یورپ، آسٹریلیا اور  برصغیر جیسے ممالک میں جنگ کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے چلائی جا رہی ہے، جسے عام لوگوں کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔

یہ نعرہ سب سے پہلے عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ڈائریکٹر ریک پیپر کارن نے فروری میں استعمال کیا تھا۔ ان کے تبصرے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے شہر کو خالی کرنے کے منصوبے کے اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا تھا کہ وہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر نظر رکھے۔

اس نعرے کا مطلب پوری دنیا کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ فلسطین میں رونما ہونے والے واقعات پر آنکھیں بند نہ کریں۔

 یادرہے شدید لڑائی سے بے گھر ہونے والے تقریباً 1.4 ملین غزہ کے باشندے اس وقت رفح میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اتنی بڑی آبادی کے باوجود اسرائیل وہاں حملے کر رہا ہے۔

 یہ نعرہ گزشتہ کئی دنوں سے فلسطین کے حامی مظاہروں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ لیکن رفح میں اسرائیل کے تازہ ترین فضائی حملوں میں درجنوں فلسطینیوں کی ہلاکت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کے بعد ‘سب کی نظریں رفح پر’ کا نعرہ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہا ہے۔

بالی ووڈ کے ستارے بھی فلسطینی شہریوں کے حق میں  سامنے آگئے۔رفح میں امدادی کیمپوں پر حملے کے بعد سامنے آنے والی دردناک تصویروں نے پوری دنیا کو چونکا دیا ہے۔

 اس حملے کے بعد عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا، کرینہ کپور، ورون دھون، رشمیکا مندنا، سوناکشی سنہا، سمانتھا روتھ پربھو، ترپتی ڈمری، دیا مرزا اور ریچا چڈھا سمیت کئی ہندوستانی مشہور شخصیات نے اپنے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر وائرل نعرے کو جگہ دی اور فلسطینیوں کے ساتھ ان کی یکجہتی کا اظہارکیاہے۔

عالیہ نے اپنی اسٹوری پر ایک انسٹاگرام پیج ‘دی مدر ہڈ ہوم’ کے ذریعے پوسٹ کی گئی پوسٹ شیئر کی اور لکھا #AllEyesOnRafah۔ اس پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح تمام بچے ‘محبت، حفاظت، امن اور زندگی’ کے مستحق ہیں۔

کھیل کی دنیا اور سیاستدانوں نے بھی ‘آل آئیز آن رفح’ کے موضوع پر پوسٹ کرنا شروع کر دیاہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا سجدے، عرفان پٹھان اور کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی جیسے کئی مشہور لوگوں نے بھی اس اسٹوری کو شیئر کرکے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریتیکا کو ٹرولز کی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے اپنی کہانی ڈیلیٹ کر دی۔

مزیدخبریں