ہالی ووڈ اداکارہ لنزے لوہان نے مسلمان نوجوان سے منگنی کرلی
07:34 AM, 29 Nov, 2021
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) کیریئر سے زیادہ اپنی ذاتی زندگی کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ لنزے لوہان نے ایک مسلمان نوجوان سے منگنی کر لی ہے۔ اس نوجوان کا نام بدر شمس بتایا جا رہا ہے۔ ویڈیو اینڈ فوٹوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر لنزے لوہان نے بدر شمس کیساتھ کچھ تصاویر شیئر کرکے اپنی منگنی کا اعلان کیا۔ اداکارہ نے انگوٹھی کا ایموجی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا مستقبل، میرا خاندان، میری زندگی، میری محبت، بدر شمس۔ لنزے لوہان کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ گئی ان فوٹوز میں انھیں بدر شمس کیساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ ان تصاویر میں لنزے لوہان کے ہاتھ میں منگنی کی انگوٹھی بھی ہے۔ بدر شمس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں گلوبل انویسٹمنٹ سوئس کریڈٹ بینک کے نائب صدر ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے بارے میں کوئی اور تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ لنزے لوہان اور بدر شمس کی ملاقات لگ بھگ دو سال قبل ہوئی تھی۔ اس کے بعد دونوں میں دوستی ہوئی جو آہستہ آہستہ پیار میں بدل گئی۔ امریکی اداکارہ نے بدر شمس کیساتھ اپنا تعلق انتہائی نجی رکھا۔ انہوں نے 2020ء میں بدر شمس کیساتھ ایک تصویر شیئر کرکے انھیں اپنا دوست قرار دیا لیکن پھر اسے ڈیلیٹ کردیا تھا۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ 35 سالہ اداکارہ لنزے لوہان ان دنوں دبئی میں مقیم ہیں۔ انھیں 'مین گرلز اور 'پیرنٹ ٹریپ' سے شہرت ملی تھی۔ کچھ عرصہ قبل یہ خبریں بھی میڈیا کی زینت بنتی رہیں کہ وہ قران پاک کا بھی مطالعہ کر رہی ہیں۔ ایسی کچھ تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ ہاتھوں میں قران پاک تھامے نظر آ رہی ہیں۔