اومی کرون کن کن ممالک میں پہنچ چکا ہے؟
12:15 PM, 29 Nov, 2021
پبلک نیوز: کورونا کی نئی قسم اومی کرون نے دنیا میں پنجے گاڑنا شروع کردئیے۔ ڈیلٹا ویرینٹ سے دُگنی رفتار سے پھیلنے والے اس وائرس نے کئی ملکوں کو خوف زدہ کر دیا۔ برطانیہ، جرمنی اور اٹلی کے بعد نیدرلینڈ اور چیک ری رپبلک بھی فہرست میں شامل ہو گئے۔ جنوبی افریقا سے سر اٹھانے والا وائرس برطانیہ، جرمنی، بیلجیم، اٹلی اور چیک ری پبلک کے بعد آسٹریلیا پہنچ گیا۔ رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا سے سڈنی آنے والے 2 مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ نیدرلینڈ بھی اس فہرست میں شامل ہونے والا نیا ملک ہے۔ نیدر لینڈز پہنچنے والے 61 مسافروں میں سے 13 اومی کرون کے مریض نکلے۔ نیدرلینڈ نے وائرس کی نئی قسم کے شکار ملک سے آنے والے 61 مسافروں کو قرنطینہ میں رکھ کر ان کے سیمپل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے تھے۔ اومی کرون کے پیش نظر برطانیہ میں دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئیں۔ بازاروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں میں ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا ہے۔ جمعہ کو براعظم افریقہ کے کئی ممالک سے ہزاروں مسافر برطانیہ پہنچے جن کو قرنطینہ نہیں کیا گیا۔ چیک رپبلک میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نیمیبیا سے آنے والے شخص میں کورونا کے نئے ویریئنٹ کی موجودگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کئی ممالک نے افریقی ملکوں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں، تاہم جنوبی افریقہ کے صدر نے سفری پابندیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔