خیبرپختونخواہ میں سینیٹ کی خالی نشست کیلئے انتخابی شیڈول جاری
03:43 PM, 29 Nov, 2021
پبلک نیوز: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں سینیٹ کی خالی نشست کے لیے انتخابی شیڈول جاری کردیا۔ سینیٹ کی خالی نشست پرانتخاب 20 دسمبرکو ہوگا جبکہ این اے 133 لاہور ضمنی انتخاب الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو 3 اور 4 دسمبر کی درمیانی شب انتخابی مہم روکنے کی ہدایت کردی۔ سینیٹر محمد ایوب کے استعفیٰ کے بعد خالی نشست پر الیکشن رواں سال 20 دسمبر کو ہوگا۔ کاغذات نامزدگی 30 نومبر سے 2 دسمبرتک جمع کئے جا سکیں گے۔ 6 دسمبرتک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی جائے گی۔ اپیلیں 8 دسمبر تک داخل کرائی جاسکتی ہیں، 11 دسمبر کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری ہوگی، امیدوار کاغذات 13 دسمبر تک واپس لے سکیں گے۔ دوسری جانب این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو کی رپورٹ منگل کے روز جمع کرائی جائے گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق متعلقہ محکموں کی رپورٹس میں ووٹوں کی خرید و فروخت ثابت ہوئی تو کاروائی ہوگی، خرید و فروخت ثابت ہونے پر معاملہ الیکشن کمشن اسلام آباد کو بھیجا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا، نادرا، آئی جی پولیس اور کمشنر لاہور کو ویڈیو کی فرانزک اور افراد کی نشاندہی کا حکم دیا ہے۔ امیدوار شائستہ پرویز ملک سے بھی کارکنوں کی جانب سے ووٹ خریداری پر فوری جواب طلب کیا گیا ہے۔