اعظم سواتی کیخلاف مقدمات، عدالت کا سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم
08:56 AM, 29 Nov, 2022
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینیٹر اعظم سواتی کی مقدمات کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ، اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی اس وقت جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ملک بھر میں ان کے خلاف 50 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ درخواست ہے کہ سیکریٹری داخلہ کے ذریعے اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل منگوائیں ، جب تک میرے موکل کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیلات نہیں آ جاتیں تب تک کسی کے حوالے نہ کیا جائے۔ وکیل بابر اعوان کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اعظم سواتی کے خلاف زیادہ تر مقدمات بلوچستان اور سندھ میں درج کیے گئے ہیں۔ عدالت کی جانب سے وکیل بابر اعوان سے استفسار کیا گیا کہ سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول صوبائی آئی جیز پر کیسے ہوتا ہے؟ جس پر وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ آئی جیز پر سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول ہوتا ہے۔عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ چیک کر کے بتائیں کہ سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول اس طرح ہے جس طرح بتالایا جا رہا ہے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعےتک ملتوی کردی۔