50 کروڑ صارفین کا ڈیٹا لیک، واٹس ایپ کی تردید

11:31 AM, 29 Nov, 2022

احمد علی
واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود 50 کروڑ واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوکر ہیکنگ فورم پر فروخت کرنے کی خبر کی تردید کردی گئی ہے۔ چند روز قبل آن لائن تحقیقی جریدے سائبر نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 84 ممالک سے تعلق رکھنے والے 48 کروڑ 70 لاکھ واٹس ایپ صارفین کے فون نمبر پر مبنی ڈیٹابیس ایک ہیکنگ کمیونٹی فورم میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس مبینہ ڈیٹا بیس میں امریکا کے 3 کروڑ 20 لاکھ صارفین کے فون نمبر موجود ہیں، اسی طرح مصر کے ساڑھے 4 کروڑ، اٹلی کے ساڑھے 3 کروڑ، سعودی عرب کے 2 کروڑ 90 لاکھ، ترکیہ اور فرانس کے 2، 2 کروڑ، روس کے ایک کروڑ جب کہ برطانیہ کے ایک کروڑ 10 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوا ہے۔ تاہم اب ترجمان واٹس ایپ نے ان تمام دعوؤں کی تردید کردی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سائبر نیوز نے غیر تصدیق شدہ اسکرین شاٹس سے یہ اخذ کیا کہ ڈیٹا لیک ہوگیا لیکن اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
مزیدخبریں