روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تگڑا ہونے لگا
06:05 AM, 29 Oct, 2021
سعودی عرب کی جانب سے 4.2 ارب ڈالرز کا سپورٹ پیکج ملنے کے بعد پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تگڑا ہونے لگا ہے۔ پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافہ تیسرے روز بھی جاری ہے، انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 46 پیسے کی کمی ہوئی جس کےبعد انٹربینک میں ڈالر 172 روپے سے نیچے آگیا. فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر 172.26 سے کم ہو کر ہوکر 171.80 روپے کا ہوگیا ہے. دوسری طرف گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر 164.02 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 45955.93 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.36 فیصد کی بہتری دیکھی جبکہ 9 کروڑ 32 لاکھ 25 ہزار 423 شیئرز کا لین دین ہوا۔ اس کے علاوہ دوسرے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں زبردست کمی ہوئی۔گزشتہ روز فی تولہ سونا 3 ہزار 550 روپے کم ہو کر 1 لاکھ 20 ہزار 650 روپے کا ہو گیا۔ 10 گرام سونے کی قدر 3043 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 3 ہزار 438 روپے ہو گئی۔