ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دیدی

02:41 PM, 29 Oct, 2022

احمد علی
سڈنی : ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو بآسانی 65 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ سری لنکا کی ٹیم 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، گلین فلپس کو 104 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے گروپ ون کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے، گلین فلپس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 64 گیندوں پر 104 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی دوسری سنچری ہے۔ سری لنکا کی جانب سے کاسن رجیتھا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، سری لنکا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 102 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان ڈاسن شاناکا 35 اور بھنوکا راجاپاکسے 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے 13 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، مچل سینٹنر اور ایش سودھی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مزیدخبریں