ویب ڈیسک: پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ میرے کپتان بنتے ہی ایک دم تبدیلی نہیں آئے گی۔
تفصیلات کےمطابق آسٹریلیا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ عاقب جاوید کے فیصلے ٹیم کےلیے سود مند ثابت ہوئے، یہ بات پہلے بھی کہہ جارہی تھی،اسپین پچز بناکر ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی پچز عاقب جاوید کے ہاتھ میں نہیں ہیں، وہاں کی کنڈیشن مختلف ہیں اور ٹف بھی ہیں، ہم نے پوری محنت کی ہے، امید ہے اچھے نتائج آئیں گے۔
وائٹ بال ٹیم کے کپتان نےکہا کہ فخر زمان کھیل پر اثر انداز ہونے والے کھلاڑی ہیں، لیکن فیصلے ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتے، فخر اکیلا ہی میچ کو لے کر چلتا ہےاور وہ رخ موڑ دیتا ہے،کوچ جو بھی آئے فیصلہ بورڈ اور مینجمنٹ کو کرنا ہے، اگر اُن کی رائے مانگی گئی تو وہ ضرور دیں گے، میرے کپتان بنتے ہی ایک دم تبدیلی نہیں آئے گی۔
محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ چیزیں پہلے بھی درست ہورہی تھیں، ایسا نہیں ہوگا کہ وہ سب کچھ فوری تبدیل کردیں،اس وقت بھی ٹیم میں شامل سب ہی کھلاڑی کپتان ہیں، وہ چاہتے ہیں، جب وہ جائیں تو ٹیم میں کئی کپتان تیار ہوں۔
محمد رضوان نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹی20 میں اوپننگ کا فیصلہ کریں گے، ابھی کھلاڑیوں کو دیکھ رہے ہیں تاکہ چیمپنز ٹرافی کےلیے بہترین کامبینیشن بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت گئے تو وہاں بہت پیار ملا، سب نے دیکھا بھی، عوام بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان میں ڈبل ویلکم کرے گی، بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کےلیے پاکستان آتی ہے یا نہیں یہ بورڈ بہتر جانتا ہے۔