ویب ڈیسک: بلو چستان کے علا قے پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7مزدورجاں بحق ہو گئے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلا ت کے مطابق پو لیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق اور زخمی مزدوروں کا تعلق ملتان سے بتایا جارہا ہے، جاں بحق ہو نے والوں میں ساجد ،شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کی شناخت بلال کے نام ہوئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاشوں کو تحویل میں لے کر مقامی ہسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
وزیراعظم کا شدیدمذمت اور واقعے کا نوٹس
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم نے مقتولین کی بلندیٔ درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری کی شدید مذمت
صدرمملکت آصف علی زردار ی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔
آصف زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی مزدور کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا، دہشت گرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا اور آخرت دونوں میں دیں گے، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے، بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجگور میں بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پنجگور میں معصوم مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات نفرتوں کو بڑھانےکی سازش ہیں، قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں، دہشت گردی کے بڑے واقعات دیکھے، قومی یکجہتی پر آنچ آنے نہیں دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحومین کے بلند درجات اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پنجگور کے علاقے میں شرپسندوں کی مزدوروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں 7 مزدوروں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایاز صادق نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شرپسند عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
حمزہ شہباز
وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہبازشریف نے بھی پنجگور میں 7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ بلوچستان میں 7 مزدوروں کو ہلاک کرنے والے سفاک دہشگردوں کا انسانیت سے تعلق نہیں، ملتان سے تعلق رکھنے والے مزدور پنجگور میں محنت کر کے اپنی روزی کما رہے تھے، اللہ تعالیٰ سے جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کے لئے دعاگو ہوں، غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتا ہوں، بے گناہ نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والوں کا ملک کے آخری کونے تک پیچھا کیا جائے گا۔