دوران پرواز پی آئی اے کے طیارے میں فنی خرابی، پائلٹ نے ایمرجنسی ڈیکلیئر کردی

10:54 AM, 29 Sep, 2024

ویب ڈیسک: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی مسقط سے پشاور جانے والی پرواز میں ایمرجنسی پیش آ گئی جس سے طیارہ اچانک 36 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے آ گیا۔

پی آئی اے کی مسقط سے پشاور جانے والی پرواز کے ہائیڈرولک سسٹم میں شدید فنی خرابی پیدا ہو گئی، پائلٹ نے ایمرجنسی ڈکلیئر کی اور کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی، پی آئی اے کی پرواز پی کے 260 نے مقامی وقت کے مطابق صبح 05:22 بجے مسقط سے ٹیک آف کیا۔ 

روانگی کے 30 منٹ بعد پاکستانی وقت کے مطابق صبح سوا 6 بجے طیارے میں پاکستانی فضائی حدود میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔ تربت کے قریب پرواز کے دوران طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں شدید خرابی پیدا ہوئی۔ 

طیارہ محض 7 منٹ میں 36 ہزار فٹ کی بلندی سے 10 ہزار اور پھر 8 ہزار فٹ پر آگیا۔

  پائلٹ نے ایمرجنسی ڈکلیئر کی اور طیارے کا رخ اپنے ہیڈکوارٹر کراچی کی طرف موڑ لیا، پائلٹ 8 ہزار فٹ سے کم بلندی پر طیارے کو کراچی لایا اور ائیر بس اے 320 طیارے نے صبح 7 بج کر 8 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر طیارے کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں