کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے ممبر محمد یوسف کے استعفے کی اندرونی کہانی

01:45 PM, 29 Sep, 2024

ویب ڈیسک: قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے ممبر محمد یوسف کے مستعفی ہونے کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق محمد یوسف کے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچز کے ساتھ کچھ معاملات پر اختلافات تھے۔ ان ایشوز کی بنیاد پر محمد یوسف نے سلیکشن کمیٹی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کو پی سی بی میں جلد نیا عہدہ دیا جائے گا۔ محمد یوسف کے پی سی بی کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں۔ محمد یوسف جلد پی سی بی میں ایک نیا رول سنبھالیں گے۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ایکس‘ کی پوسٹ میں اپنے بیان میں محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی خدمت کرنا فخر کی بات ہے اور مجھے اس کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے، مجھے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ اور جذبے پر بے پناہ بھروسہ رہا ہے۔

سابق قومی کرکٹر نے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ اور لگن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی مستقبل کی کوششوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

محمد یوسف نے اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور آنے والے چیلنجز میں قومی ٹیم کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کیریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

تاہم ان کا بطور سلیکٹر کیریئر کامیاب نہیں رہا۔ محمد یوسف نے رواں سال جولائی میں سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم منتخب کرنے والے سلیکٹرز میں بھی شامل تھے۔ میگا ایونٹ میں ٹیم پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھی۔

حال ہی میں پاکستان کو اس کی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنے والی قومی ٹیم کو بھی محمد یوسف اور سلیکٹرز نے ہی منتخب کیا تھا۔

مزیدخبریں