(ویب ڈیسک ) شہید حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے پڑھائی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر حق دو عوام کو تحریک کے سلسلے میں برما پل پر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔جماعت اسلامی کے مظاہرے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے کی ۔جماعت اسلامی کا مظاہرہ مہنگائی اور حزب اللہ سربراہ سید حسن نصر اللہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف ہوا۔
نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ جماعت اسلامی کا معاہدہ کیا گیا تھا، حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کا لکھ کر دیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے سے مکر گئی ہے ، حکومت کو معاہدے پر عمل کے لئے مجبور کریں گے ،حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرچکے ہیں ۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ کی جدوجہد کو بھی سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ، شہید حسن نصر اللہ اور شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں ، اسرائیلی مظالم کے خلاف مظلوم فلطسینیوں کے ساتھ ہیں۔