'مولانا فضل الرحمان کانئے الیکشن کامطالبہ، جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم زیادتی ہے'

05:46 PM, 29 Sep, 2024

(ویب ڈیسک )  سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ   جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم زیادتی ہے، موجودہ پارلیمنٹ اتنی بڑی   آئینی ترمیم کیلئے  اہل نہیں ۔

مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہیے ہیں کہ نئے الیکشن ہوں، جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترامیم کرانا زیادتی ہے، یہ پارلیمان اتنی بڑی آئینی ترمیم کی حقدار نہیں۔ہم نے بتا دیا ہے کہ ہمیں ہلکا مت لیں، جتنی مرضی دھاندلی کروا لو ہم میدان میں ہی رہیں گے۔

انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل عرب دنیا اور خلیج تک جنگ پھیلانا چاہتا ہے، بات صرف فلسطین کی نہیں رہی ہے اور اگر اس وقت عرب دنیا خاموش رہتی ہے اور عملی طور پر اور مشترکہ دفاعی نظام نہیں بناتی تو یہ آگ پوری عرب دنیا کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، اس لیے سب کو ہوشیار اور الرٹ رہنا چاہیے اور باہمی رابطے قائم رکھنے چاہییں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ میں تقریر کی ہے، میرے خیال میں پہلی مرتبہ ہم نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ ہم بھی زندہ ہیں، اور بات کرسکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا  کہ  وہ سوچتے ہیں کہ پاکستان، سعودی عرب، ملائیشیا، انڈونیشیا اور مصر یہ 5 ممالک اس پوزیشن ہیں کہ اگر ان کا گروپ بن جائے جو اسلامی دنیا کو اکٹھا کرے تو ہم ایک کمانڈ کے تحت اسلامی دنیا اور عرب دنیا کا دفاع کرسکتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ  حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کا قتل اسماعیل ہنیہ کے بعد دوسری بڑی قربانی ہے، اسرائیل نے ایک بہت بڑا ٹارگٹ حاصل کیا ہے، جس سے اعصابی طور پر اس کے حوصلے بلند ہوسکتے ہیں، لیکن ہمیں اپنے حوصلے ہارنے نہیں چاہییں، اللہ پر توکل کرنا ہے، مسجد اقصیٰ کی آزادی تک جہاد جاری رہے گا۔

مزیدخبریں