گورنر نے سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کردیا
03:53 AM, 30 Apr, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سردار عثمان بزدار کا بطور وزیراعلیٰ استعفیٰ مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے اس پر آئینی اعتراضات لگائے ہیں۔ گورنر پنجاب نے سردار عثمان بزدار کے استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو اس حوالے سے ایک مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے بھی گورنر عمر سرفراز چیمہ کا خط موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ آئین کے آرٹیکل 130 کے سب سیکشن 8 کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کو دیا ہی نہیں تھا۔ اس کیساتھ ہی تحریک انصاف یہ دعویٰ کرنا شروع ہو گئی ہے کہ سردار عثمان بزدار بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے۔ عثمان بزدار کو فوری پنجاب کابینہ کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ عثمان بزدار نے 28 مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے اس وقت کے گورنر چوہدری محمد سرور نے یکم اپریل کو منظور کر لیا تھا۔