جنرل قمر جاوید باجوہ سے بل گیٹس کی ٹیلیفونک رابطہ
07:46 AM, 30 Apr, 2022
راولپنڈی (ویب ڈیسک ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بل گیٹس کی ٹیلیفونک بات چیت ہوئی ۔ راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت میں پولیو کے خاتمے اور کووڈ-19 کے لیے پاکستان کے عزم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بل گیٹس نے قومی پولیو مہم کی حمایت، مناسب رسائی اور کوریج کو یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ یہ ایک قومی مقصد ہے اور اس کا سہرا اس عمل کے تمام شرکا کو جاتا ہے۔ بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود کووڈ۔ 19 کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو بھی سراہا۔ آرمی چیف نے کامیابی کا سہرا ایک حقیقی قومی ردعمل کو قرار دیا جسے این سی او سی کے میکنزم کے ذریعے عمل میں لایا گیا جس سے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملی۔ آرمی چیف نے اس نیک مقصد کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا اور انہیں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا ۔