پی ٹی وی کے سنہری دور کی واپسی،ناظرین کیلئے پی ٹی وی فلیکس ایپ کا اجرا
02:56 PM, 30 Apr, 2023
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپلیکیشن کا مقصد پی ٹی وی کے سنہری دور کو زندہ رکھنا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگیزیب نے کہا ہے کہ بے حد خوشی ہے کہ آج پی ٹی وی فلیکس کا آغاز کر دیا ہے اور جولائی 2022 سے OTT وڈیو سٹریمنگ کی شروعات ہو رہی ہے جس کے ذریعے ناظرین پوری دنیا سے پی ٹی وی کی وسیع لائیبریری تک رسائی حاصل کرلیں گے جن میں ٹی وی شوز، ڈرامے، ڈاکومینٹریز، سپورٹس اور دیگر پروگرام شامل پیں۔ یہ منصوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور دلی اطمینان اور مسرت کا باعث ہے کہ آج اس کے باضابطہ اعلان کر رہی ہوں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی نے گزشتہ کئی برسوں میں جو کمال تخلیقات کی ہیں وہ ایک قومی خزانے کا درجہ رکھتی ہیں۔ 'دھوپ کنارے' اور 'عینک والا جن' جیسے یادگار ڈرامے ہماری اجتماعی یاد کا حصہ بن چکے ہیں۔ پی ٹی وی فلیکس پرانے اور آج کے دور کے تمام پروگراموں کی اس بڑی لائیبریری کو ناظرین تک پہنچائے گا۔ نوجوان نسل اس کے ذریعے ماضی کے شائقین کے پسندیدہ اور ناقابل فراموش پروگرام دیکھ پائیں گے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں سے کئی نسلوں کو متاثر کیا۔ وزیر اطلاعت کا کہنا تھا کہ یہ ایپ iOS اور Android پر ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ میری گزارش ہوگی کہ آپ سب یہ لنک ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے استعمال کریں۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ میں پی ٹی وی اور وزارت اطلاعات و نشریات کی تمام ٹیم کو بھرپور محنت سے اس آئیڈیا کو عملی شکل دینے پر مبارک پیش کرتی ہوں۔ ہمارے لیجنڈ فنکاروں محترمہ بشری انصاری، جاوید شیخ اور خالد عباس ڈار کا خاص طور پر شکریہ جنہوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔