انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں، نواز شریف
07:13 PM, 30 Apr, 2023
لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں فوری طور پر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ہوا، نوازشریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، ملک کی معاشی، پنجاب کی سیاسی صورتحال اور پارٹی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قائد ن لیگ نوازشریف نے کہا مذاکرات ملک و قوم کیلئے ہیں لیکن دوسری طرف ذاتی مفادات، ملک اور اداروں کو بدنام کرنے کی جنگ ہے، جنہوں نے ملک کو ساڑھے تین سال نقصان پہنچایا ان کی گارنٹی دینے والا کوئی نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ ملک و قوم کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ لیگی قائد کا کہنا تھا کہ ہم نے دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ساڑھے 3 سال میں ملک دشمنوں نے تباہ کر دیا، عوام ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ کچھ ایسے لوگوں کو ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہو گا، ہمیں صرف ملک و قوم کا سوچنا ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو بہت جلد ریلیف بارے خوشخبری دیں گے، ریلیف پیکیج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی، ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات سے متعلق اتحادیوں سے ملکر فیصلہ کیا جائے گا، ایک سال ہو گیا ملک کی بہتری و ترقی کے لئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر محنت کر رہے ہیں۔