وزیرِ اعظم اور حنا ربانی کھر کی امریکا سے تعلقات پر گفتگو کا ریکارڈ لیک ہوگیا

07:55 PM, 30 Apr, 2023

احمد علی
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کی امریکا سے تعلقات پر گفتگو کا ریکارڈ لیک ہو گیا۔ ڈسکورڈ لیکس دستاویزات میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کی امریکا سے تعلقات پر گفتگو سامنے آئی ہے۔ لیک دستاویزات کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو مغرب کو خوش کرنے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستان کی امریکا سے اسٹریٹجک پارٹنر شپ قائم رکھنے کی خواہش چین سے اصل اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے مکمل فوائد کو قربان کر دے گی۔ امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے متعلق خفیہ انکشافات ایک معاون کے ساتھ روس یوکرین تنازع پر یو این ووٹنگ سے متعلق ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ قرارداد کی حمایت سے پاکستان کے روس سے تجارت اور توانائی کے سمجھوتے خطرے میں پڑ سکتے ہیں، قرار داد کی حمایت پاکستان کی پوزیشن میں تبدیلی کا تاثر دے گی۔ امریکی اخبار میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستانی حکام نے افشاء ہونے والی دستاویزات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کی یہ رپورٹ امریکا کی یوکرین جنگ پر کم ہوتی بین الاقوامی حمایت کے حوالے سے ہے۔
مزیدخبریں