ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان اکٹھے ہوگئے تو فارم 47 پر کھڑی حکومت 3 ماہ چل پائے گی۔
تفصیلات کے مطابق فواد چودھری اور شیریں مزاری انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔ فواد چودھری نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آج سارے نو مئی کے کیسز کے سلسلے میں عدالت آئے ہیں۔ ہم ایک مشکل صورت حال سے گزر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں تلخیاں کم ہوں اللہ آسانیاں پیدا کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی چھوڑی نہیں۔ چھوڑ کر جانے والے واپس جاتے ہیں۔ ہماری کہانی ابھی آئی نہیں کہانی انکی آئی جو ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں۔ ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساخت نہیں۔ حکومت فارم 47 پر کھڑی ہے۔ کل مولانا فضل الرحمان کی تقریر سب کے سامنے ہے۔ میرا خیال ہے مولانا صاحب نے فیصلہ کرلیا ہے یہ حکومت ہٹے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین سے چار ماہ چلے گی اس سے زیادہ نہیں۔ اس وقت مولانا اور صوبہ خیبر پختونخواہ ایک طرف کھڑے ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کو سب سے بات کرنی چاہیئے مولانا صاحب سے بھی کرنی چاہیے۔