الیکشن کمیشن سے بڑی خبر: علی امین گنڈاپور کیخلاف درخواست خارج

11:36 AM, 30 Apr, 2024

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ درخواست گزار نے وزیراعلیٰ کیخلاف درخواست واپس لے لی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ علی امین گنڈاپور کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کفیل احمد نے علی امین گنڈاپور کی نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔ جس پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کفیل احمد کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل نے بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا ازخود نوٹس معطل کردیا ہے۔ ممبر اکرام اللہ خان نے استفسار کیا کہ کیا پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے؟ 

وکیل علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنے سے بھی روکا ہے۔ جس پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں