کورونا ویکسین نہ لگوانے والی ماں کے بیٹے سے ملنے پر پابندی
11:29 AM, 30 Aug, 2021
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکہ میں ایک جج نے تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد فیصلہ سنایا ہے جب کورونا ویکسین نہ لگانے کی پاداش میں ایک خاتون پر پابندی لگا دی گئی ہے کہ وہ اپنے 11 سالہ بیٹے کو نہیں مل سکے گی اور یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک وہ کورونا کی ویکسین نہیں لگوا لیتی ۔ امریکی جریدے نیوز ویک کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کی کوک کاؤنٹی کے جج جیمز شاپیرو نے ربیکا ورلیٹ نامی خاتون کو کورونا ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے ایک انوکھی سزا دی ہے اور یہ امریکہ کی عدالتی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد مقدمہ قرار دیا جا رہا ہے۔ دوران سماعت اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب جج نے خاتون سے پوچھا کہ کیا اس نے کورونا ویکسین لگوالی ہے جس پر خاتون کا جواب تھا کہ اس نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی کیوں کہ ماضی میں ویکسینز کو لے کر اس کے تجربات کچھ اتنے خوشگوار نہیں رہے ہیں۔ ربیکا کا اپنے شوہر کے ساتھ علیحدگی کا کیس چل رہا تھا اور اسی کیس میں دونوں عدالت میں پیش ہوئے تھے اس موقع پر کورونا کی وجہ سے چائلڈ سپورٹ عدالت کی سماعت زوم پر ہو رہی تھی اس موقع پر جج نے خاتون پر پابندی لگا دی کہ جب تک وہ کورونا کی ویکسین نہیں لگوا لیتی اس وقت تک اس کو اپنے 11 سالہ بیٹے سے ملنے کی اجازت نہیں ملے گی۔