وزیر اعظم کی اپیل پر مخیر حضرات کی سیلاب زدگان کیلئے 2 کروڑ روپے کی امداد
05:50 PM, 30 Aug, 2022
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اپیل پر مخیر حضرات کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 2 کروڑ روپے کی امداد دی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب میں گھرے مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا عبادت سے کم نہیں، جو لوگ متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہیں وہ انصارِ مدینہ کی سنت پر عمل کرکے اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میری قوم سے اپیل ہے کہ ان مخیر حضرات کی طرح بڑھ چڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں اپنا حصہ ملائیں، حالیہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے، ملک بھر میں لاکھوں لوگ اس وقت سیلاب سے متاثر ہوکر بے گھر ہیں، گیارہ سو سے زائد لوگ جاں بحق اور 15 سو سے زائد لوگ زخمی ہیں۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر لوگوں کو ریسکیو کر رہی ہے، حکومت نے فوری طور پر سیلاب متاثرین کو 25 ہزار روپے فلڈ ریلیف کیش فراہم کرنا شروع کیا، حکومت سیلاب متاثرین کو راشن، صاف پانی، خیمے اور مچھر دانیاں فراہم کر رہی ہے، دوست ممالک اور بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کے شکر گزار ہیں کہ وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوری ریسکیو اور امداد کے بعد لوگوں اور انفرا سٹرکچر کی بحالی ایک برا چیلینج ہے، حکومت سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے،مصیبت میں گھرے ہم وطنوں کی مدد ہم سب پاکستانیوں کا فرض ہے، میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مالی امداد فراہم کرنے والے مخیر حضرات کا مشکور ہوں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں شکیل منیر صدر ICCI, جمشید اختر شیخ، محمد فہیم خان، میاں شوکت مسعود، احسن بختاوری، زبیر احمد ملک، طارق صادق، عامر وحید، اظہر الاسلام، چوہدری جاوید اقبال، رانا قیصر، اختر حسین، خنیف عباسی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ ملاقات میں شرکاء نے وزیرِ اعظم کو سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔