ڈبلیو او ایچ کا غزہ میں پولیو ویکسی نیشن کیلئے جنگ بندی کا مطالبہ

12:00 AM, 30 Aug, 2024

ویب ڈیسک:  عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو او ایچ ) کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیو ویکسی نیشن مہم کے لئے 3 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق جنگ میں وقفے کا مطالبہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا،اقوام متحدہ اتوار سے 6 لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تیاری کررہا ہے،عالمی ادارہ صحت کے سینیئر اہلکار ریک پیپرکورن نے کہا کہ اس منصوبے میں وسطی غزہ میں تین دن کے وقفے کا مطالبہ کیا گیا ہے،پہلے جنوبی اور پھر شمالی غزہ میں وقفہ ہوگا،ضرورت پڑنے پر چوتھا دن بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

غزہ کی محصور پٹی میں دس ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق پر صحت سے متعلق عالمی اداروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، غزہ میں جاری جنگ کی وجہ سے صحت کی دیگر سہولیات کی طرح معمول کی ویکسینیشن مہم بھی متاثر ہوئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے انسداد پولیو کے ماہر ڈاکٹر حامد جعفری نے بتایا کہ غزہ پٹی کے علاقوں دیر البلاح اور خان یونس کے سیوریج سسٹم سے لیے گئے آبی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، انہیں خدشہ ہے کہ یہ وائرس گزشتہ ستمبر سے وہاں گردش کر رہا ہے۔ 

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے 23 اگست کو تصدیق کی کہ کم از کم ایک بچہ ٹائپ 2 پولیو وائرس سے مفلوج ہوا ہے، جو کہ 25 سالوں میں اس علاقے میں اس طرح کا پہلا کیس ہے،عالمی ادارہ صحت نے بچے کی شناخت عبدالرحمٰن ابو الجدیان کے نام سے کی ہے، جو اتوار کو ایک سال کا ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بعض علاقوں میں انسانی امداد کی سرگرمیوں سے پہلے ہی روکا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس سات اکتوبر سے غزہ پرجاری اسرائیلی جارحیت کے دوران قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے میں حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ ان حملوں میں فلسطینیوں کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 150 بچوں سمیت 662 فلسطینی شہید ، 5,400 سے زیادہ زخمی اور 10,000 سے زیادہ کو گرفتار کیا گیا۔

مزیدخبریں