ویب ڈسیک: پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 'چیمپئنز کپ 'کھیلنے سے دستبردار ہوگئے۔
گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
ٹورنامنٹ 12 سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا، جس میں ملک کے 150 بہترین کرکٹرز حصہ لیں گے۔
تاہم احمد شہزاد نے چیمپئنزکپ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
احمد شہزاز نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نے چیمپئنزکپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی کے جھوٹے وعدے، پسند نا پسند اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں سے نا انصافی ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی مینٹورز پر 50 لاکھ روپے خرچ کر رہا ہے جو کچھ نہیں کرتے، پی سی بی کرکٹ کو تنزلی کا شکار بنانے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرتا ہے، میں پی سی بی کے سسٹم کو سپورٹ نہیں کرسکتا جہاں میرٹ کی کوئی حیثیت نہیں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سسٹم سے ہی خود کو الگ کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز کپ کی ٹیموں کے 5 مینٹورز کا اعلان کر دیا ہے۔
مینٹورز میں مصباح الحق، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد، شعیب ملک اور وقار یونس شامل ہیں۔ان مینٹورز کو ماہانہ 50 لاکھ اور سالانہ 6 کروڑ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔