لاہور میں نیوائیر نائٹ پرسیکیورٹی خدشات، سخت پابندیاں عائد
04:18 AM, 30 Dec, 2021
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے نئے سال کی آمد پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں کہ آتشبازی، موسیقی کی تقریبات اور نیو ائیر نائٹ پر پابندی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ نے صوبائی حکومت کی ہدایات پر نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ نیو ائیر نائٹ پر سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے عوامی اجتماع، موسیقی کی تقریبات اور کنسرٹس کی قطعی طور پر اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ نیو ائیر پر آتشبازی کیلئے دی جانے والی تمام درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے کیونکہ اس کی آڑ میں ناصرف ہوائی فائرنگ کے خدشات ہیں بلکہ فضائی آلودگی بڑھنے کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں نیو ائیر نائٹ کی تقریبات کے موقع کیلئے آتشبازی کی اجازت کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواستیں بھیجی گئی تھیں۔ پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اب تک سخت ایکشن لیتے ہوئے آتشبازی کی خرید وفروخت میں ملوث افراد کیخلاف ایک ہزار 555 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ آتشبازی کی خرید وفرخت کرنیوالے ایک ہزار 690 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں آتشبازی کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی جبکہ متعدد افراد زخمی ہو بھی جاتے ہیں۔ گذشتہ سال سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے باعث 20 افراد جاں بحق جبکہ 14 بری طرح زخمی ہوئے تھے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 2017ء میں ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 2018ء میں بھی خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے تھے۔