بلاول بھٹو نے ساری زندگی شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا: شہباز گل
07:57 AM, 30 Dec, 2021
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی پیشگوئی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مطلب ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ساری زندگی شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ دلچسپ بیان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیا۔ شہباز گل نے منظور وسان کی پیشگوئی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس کا مطلب ہے کہ بلاول نے زندگی بھر شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ویسے یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔ لیکن کیوں کہ ان کے ترجمان وسان صاحب نے آج اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے تو اب اس پر بات تو ہوگی۔ https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1476190846173204485?s=20 خیال رہے کہ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما منظور حسین وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شادی 2022ء یا 2023ء میں وزیراعظم بننے کے بعد ہوگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ مارچ سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ 2022ء میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔ یہ سال سیاسی حوالے سے بڑا خطرناک ہوگا۔