یونان کشتی حادثے میں ملوث خطرناک انسانی اسمگلرز سمیت9ملزمان گرفتار

01:47 PM, 30 Dec, 2024

ویب ڈیسک: یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 18 افسران واہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

ملزمان کی شناخت محمد شفیق، عظمت علی، خضر حیات، مرزا سکندر، محمد نواز، شاہد امین، شہزاد یوسف، ظفر اقبال، اسد عباس کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر بھی شامل ہیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ ایجنٹ ظفر اقبال کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم معصوم بچوں کے اغواء اور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے۔

ملزم نے کم سن بچے کو اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کے نام پر 19 لاکھ روپے اور 2300 یورو ہتھیائے۔ سفر کے دوران یونان کے ساحل پر کشتی کو حادثہ پیش آیا اور بچے کی موت واقع ہوئی۔ 

اشتہاری ملزم شہزاد یوسف لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے۔ ملزم کو کھاریاں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے۔ ملزم نے شہری کو ملازمت کی غرض سے اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کے نام پر 23 لاکھ روپے ہتھیائے۔ بعد ازاں ملزم نے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔

ملزم محمد شفیق اور خضر حیات نے متاثرہ شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یونان بھجوانے کے نام پر فی کس 40 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزم عظمت علی نے یونان ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے 50 لاکھ روپے بٹورے۔

ملزم مرزا سکندر نے شکایت کنندہ کے 2 بیٹوں کو یورپ ملازمت کی غرض سے  بھجوانے کے لیے 50 لاکھ روپے وصول کئے۔ ملزم محمد نواز نے شہری کو کمبوڈیا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 10 لاکھ سے زائد رقم وصول کی۔ 

ملزم شاہد امین نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 17 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے جبکہ انسانی سمگلر اسد عباس نے متاثرہ شہری کو یونان بھجوانے کے لئے 20 لاکھ روپے وصول کئے۔

گرفتار ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ 

ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کے بیان کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ 

ایف آئی اے18افسران واہلکارضلع بدر،38 سزاؤں کے منتظر

دوسری جانب ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی۔ ایف آئی اے نے مبینہ طور پر ملوث 18 افسران و اہلکاروں کو ضلع بدر کر دیا۔ 

ان افسران میں 1 سب انسپکٹر اور 3 اے ایس آئی شامل ہیں۔ان افسران میں 11 ہیڈ کانسٹیبل اور 3 کانسٹیبل شامل ہیں۔ ان افسران و اہلکاروں کو گجرات۔گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں تبدیل کیا گیا ہے۔ تمام افسران و اہلکاروں کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نےملوث افسران کو ذاتی طور پر طلب کر لیا۔ایف آئی اے کے ملوث 38 افسران و اہلکاروں کو ڈی جی ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔تمام افسران و اہلکار ہیڈ کواٹر میں پیش ہو گئے۔

 ڈی جی ایف آئی اے ان تمام افسران و اہلکاروں سے ذاتی طور پر تحقیقات کی ہیں۔جرم ثابت ہونے پر ان افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پیش نہ ہونے والوں کے خلاف یک طرفہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 یہ 38افسران کراچی۔گوجرانوالہ۔ملتان اور فیصل آباد زون میں تعینات ہیں۔ان افسران میں انسپکٹر سب انسپکٹر اے ایس آئی اور اہلکار شامل ہیں۔ یہ تمام افسران اس وقت ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں موجود ہیں۔

مزیدخبریں