توشہ خانہ کیس سماعت کے دوران108 تحائف کا ریکارڈ عدالت میں پیش

02:05 PM, 30 Dec, 2024

ویب ڈیسک : توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے لئے گئے 108 تحائف کی فہرست عدالت میں جمع کرا دی گئی۔

پیر کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، ایف آئی اے کے سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔

اس دوران بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔ بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے تیسرے گواہ آفیسر کیبنٹ ڈویژن بنیامین نے بیان ریکارڈ کرایا اور بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی۔

اسی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔

گواہ نے پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت پیش کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے لئے گئے 108 تحائف کی فہرست جمع کرائی گئی۔

توشہ خانہ کے اندراج تحائف رجسٹر کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت دو جنوری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں