معروف صحافی ارشد زبیری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

04:52 PM, 30 Dec, 2024

(ویب ڈیسک ) معروف صحافی ارشد زبیری طویل علالت کے بعد کراچی میں  انتقال کر گئے۔

معرف صحافی ارشد زبیری 72سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور 3بچے ہیں۔ وہ بزنس ریکارڈر گروپ کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو تھے ۔ 

ارشد زبیری کی نماز جنازہ آج  مسجد نورالسلام زمزمہ پارک ڈیفنس میں ادا  کی گئی اور انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی( اے پی این ایس) کی صدر نازآفرین سہگل لاکھانی اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے اے پی این ایس کے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی جانب سے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو روزنامہ بزنس ریکارڈر اور اے پی این ایس کے سابق سیکرٹری جنرل ارشد اے زبیری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اے پی این ایس نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔

  ارشد زبیری نے 1973ء میں امریکا سے میکینکل انجینئرنگ میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور 1974ء میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپیکس پرنٹری میں شمولیت اختیار کی۔ 1981ء میں ڈیلی بزنس ریکارڈر کے پرنٹر اور پبلشر بن گئے، 1983ء میں انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ خبر کی ترتیب کو ہاٹ میٹل سے کولڈ سیٹ کمپیوٹرائزڈ فلم سیٹ میں تبدیل کریں۔

 پاکستان میں بزنس اور فنانشل جرنلزم کے بانی اور ان کے مرحوم والد ایم اے زبیری کی جانب سے قائم کردہ بزنس ریکارڈر ارشد زبیری کی قیادت میں کئی گنا ترقی کر چکا ہے۔ کنٹرولڈ معیشت کو ڈی ریگولیٹ کرنے اور آزاد بنانے میں ان کے اداریوں کا بڑا کردار رہا۔ 

انہوں نے 2010ء سے 2013ء تک ایف بی آر کے ٹیکس ریفارم کوآرڈینیشن (ٹی آر سی) کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

مزیدخبریں