شیخ رشید کی لال حویلی سیل کردی گئی
05:18 AM, 30 Jan, 2023
راولپنڈی: متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے چار یونٹس سمیت 7 اراضی یونٹس سیل کردیے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لال حویلی پہنچ کر کارروائی کی ہے ، دوران کارروائی میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید موجود نہ تھے، کارروائی پر کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی ہے ۔ لال حویلی کے خلاف کارروائی کے دوران ایف آئی اے سے بھی مدد طلب کی گئی تھی ۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سمیت وقف املاک کی سات اراضی یونٹس پر غیرقانونی قابض ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد نوٹسز کے باوجود بھی شیخ رشید اراضی کے مستند دستاویز پیش نہیں کرسکے ۔ خیال رہے کہ متروکہ وقف املاک کی کارروائی رکوانے کیلئے شیخ رشید کی حکم امتناع کی درخواست عدالت خارج کرچکی ہے ۔ شیخ رشید نے درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ لال حویلی اور ملحقہ اراضی کا کیس زیر سماعت ہے اس لئے لال حویلی سے کارروائی اور بے دخلی کا نوٹس غیر قانونی ہے۔ واضح رہے کہ 16 اکتوبر 2022 کو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے شیخ رشید کو 7 روز میں لال حویلی خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نوٹس کی وصولی کے 7 روز کے اندر اندر جائیداد خالی کریں، بصورت دیگر قانون کے تحت بذریعہ پولیس بے دخل کردیا جائے گا۔ بعدازاں 19 اکتوبر 2022 کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیلنج کیا تھا، انہوں نے وکیل کے ذریعے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس سے متعلق عدالت میں کیس زیر سماعت ہے، لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔