پشاور خودکش حملہ: زخمیوں کی جان بچانے کیلئے خون کے عطیات دیں،وزیر اعظم
12:00 PM, 30 Jan, 2023
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خودکش حملے میں زخمیوں کی جان بچانے کے لئے خون کے عطیات دیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے لکھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ خودکش حملے میں زخمیوں کی جان بچانے کے لئے خون کے عطیات دیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خاص طور پر 'او۔نیگیٹو' خون کے حامل عوام، طالب علم اور پارٹی کارکنان سے اپیل ہے کہ فی الفور لیڈی ریڈنگ ہسپتال، پشاور پہنچیں اور قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف پشاور کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ۔وزیر اعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور روانہ ہوئے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف پشاور میں امن و امان پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ خیال رہے کہ اب تک کی اطلاعت کے مطابق پولیس اہلکاروں سمیت 28 افراد شہید جبکہ 65 زخمی ہوئے ہیں ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہوا،حملہ آور تین سے چار حفاظتی لائن عبور کر کے مسجد تک پہنچا ، دھماکے کےبعد تھانہ پولیس لائن کےمرکزی دروازے کو بند کر دیا گیا تھا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پشاور کی مسجد میں دھماکہ خودکش تھا، خودکش حملہ آور نے نماز کے دوران پہلی صف میں خود کو اڑایا۔