سائفر کیس: بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی کو 10 سال کی قید سنادی گئی

12:18 PM, 30 Jan, 2024

notype

اسلام آباد: سائفر کیس میں   بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10 سال کی قید سنادی گئی۔

تفصیلات  کے مطابق  بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی  کیخلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات بیگ نے زبانی مختصر فیصلہ سنایا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان  اور سابق وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ کمرہ عدالت میں شاہ محمود کی اہلیہ اور بانی پی ٹی ائی کی بہنیں موجود تھیں۔ 

پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اور سٹیٹ کونسل کے وکلاء  بھی عدالت میں موجود تھے۔

عدالت  نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو قید بامشقت کی سزا سنا دی ۔ جج ابو الحسنات بیگ  کی جانب سے   سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو دس  دس سال کی سزا سنا دی گئی۔

سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف مختلف دفعات درج تھیں، سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی پر معاونت کا الزام تھا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی عدالت  نے فیصلے میں کہا کہ   استغاثہ کے پاس جرم ثابت کرنے کے لیے ٹھوس ثبوت موجود تھے ، ایف آئی اے کی پراسیکیوشن ٹیم کیس میں جرم ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کے تین سپیشل پراسیکیوٹر اس کیس میں تعینات تھے ،  راجہ رضوان عباسی ، ذوالفقار عباس نقوی اور شاہ خاور ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل  بانی  پاکستان  تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان  نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری کو چیلنج کی ہے۔  بانی  پاکستان  تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ   سائفر کیس میں عدالت کا 26جنوری کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، سرکاری وکلا کی تقرری کے بعد کی گئی کارروائی کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں