ایڈولف ہٹلر کی گھڑی 1 اعشاریہ ایک ملین ڈالر میں فروخت

07:42 AM, 30 Jul, 2022

احمد علی
جرمنی کے سابق آمر اور نازی رہنما ایڈولف ہٹلر کی گھڑی امریکہ میں ایک نیلامی میں 1.1 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔ "ہوپر" نامی اس گھڑی کو ایک گمنام بولی لگانے والے کو فروخت کیا گیا، اس پر نازی نشان ہے اور اس میں ایڈولف ہٹلر کے نام اور عرفی نام "E اور H" کے ابتدائیے بھی درج ہیں۔ اس گھڑی کی فروخت امریکی شہر میری لینڈ میں تاریخی الیگزینڈر نیلامی میں کی گئی۔ اس فروخت سے قبل یہودی رہنماؤں کی جانب سے اس کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ لیکن نیلام گھر، جس نے ماضی میں نازی یادگاریں فروخت کی ہیں، نے جرمن میڈیا کو بتایا کہ اس کا مقصد تاریخ کو محفوظ کرنا ہے۔ ایڈولف ہٹلر نے 1933ء اور 1945ء کے درمیان نازی جرمنی کی قیادت کی۔ انہوں نے 11 ملین تک لوگوں کے منظم قتل کی منصوبہ بندی کی، جن میں سے 60 لاکھ اس لئے مارے گئے کہ وہ یہودی تھے۔ گھڑی کے ساتھ منسلک شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ یہ 1933ء میں فاشسٹ رہنما کو سالگرہ کے تحفے کے طور پر دی گئی تھی، جس سال وہ جرمنی کے چانسلر بنے تھے۔ نیلام گھر کے جائزے کے مطابق یہ گھڑی اس وقت یادگار کے طور پر لی گئی تھی جب مئی 1945ء میں تقریباً 30 فرانسیسی فوجیوں نے ہٹلر کی پہاڑی رہائش گاہ برگوف پر دھاوا بولا تھا۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ گھڑی کو بعد میں دوبارہ فروخت کیا گیا تھا اور آج تک یہ کئی نسلوں سے گزر چکی ہے۔ نیلامی میں شامل دیگر اشیاء میں ہٹلر کی اہلیہ ایوا براؤن کا لباس، نازی حکام کے دستخط شدہ پورٹریٹ اور ایک پیلے رنگ کا کپڑا جس پر یہودی کے لئے جرمن لفظ "Jude" کا لوگو لکھا ہوا تھا۔ ہولوکاسٹ کے دوران، نازیوں نے یہودیوں کو الگ تھلگ اور ہراساں کرنے کے مقصد سے پیلے رنگ کے آئی ڈیز کو بیجز کے طور پر پہننے پر مجبور کیا تھا۔ 34 یہودی رہنماؤں کے دستخط شدہ ایک کھلے خط میں فروخت کو "ناگوار" قرار دیتے ہوئے اس کو نیلامی سے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یورپی یہودی ایسوسی ایشن کے سربراہ ربی میناچم مارگولن نے کہا کہ اس معاہدے سے "ان لوگوں کو مدد ملی جو نازی پارٹی کی نمائندگی کو مثالی سمجھتے ہیں۔" فروخت سے قبل جرمن پریس سے بات کرتے ہوئے، الیگزینڈر ہسٹورک آکشنز نے کہا کہ اس کا مقصد تاریخ کو محفوظ کرنا ہے، اور فروخت کی جانے والی زیادہ تر اشیاء کو نجی مجموعوں میں رکھا جاتا ہے یا ہولوکاسٹ کے عجائب گھروں کو عطیہ کیا جاتا ہے۔ نائب صدر مینڈی گرینسٹین نے بتایا، "تاریخ اچھی ہو یا بری، اسے محفوظ رہنا چاہیے۔" "اگر آپ تاریخ کو تباہ کرتے ہیں تو اس کے ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔" نیلام گھر کی طرف سے فراہم کردہ دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اس بات کا ثبوت نہیں دے سکتے کہ ہٹلر نے مرتے وقت یہ گھڑی پہن رکھی تھی۔ لیکن ایک آزاد ماہر کی تشخیص سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اس کی ملکیت تھی۔
مزیدخبریں