عمران خان کی مزید 10 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

11:42 AM, 30 Jul, 2022

احمد علی
اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی مزید دس مقدمات میں عبوری ضمانتوں کو کنفرم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے، جہاں جج کامران بشارت مفتی نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے ان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کو کنفرم کردیا اور 5،5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی کر دی۔ اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں عمران خان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے اور توڑ پھوڑ کرنے کے مقدمات درج کیے گئے تھے، جس میں وہ عبوری ضمانت پر تھے۔اس سے پہلے اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ہی عمران خان کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت کو کنفرم کیا تھا تاہم عدالت نے اب دیگر 10 مقدمات میں بھی ان کی ضمانت کنفرم کی ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف غداری کا ایک مقدمہ درج ہے اس مقدمے میں عمران خان نے درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی جس پر عدالت نے ان کو ستمبر کے پہلے ہفتے تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے تمام 15 مقدمات میں عبوری ضمانت کنفرم ہوچکی ہے تاہم وہ ایک کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔
مزیدخبریں