حکومتی امیدوار واثق قیوم بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

12:36 PM, 30 Jul, 2022

احمد علی
لاہور: ( پبلک نیوز)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے امیدوار واثق قیوم بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطا بق حکومتی امیدوار واثق قیوم بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں ، اپوزیشن امیدوار علی حیدر گیلانی نے مقررہ وقت پر کاغذات جمع نہیں کروائے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کروائے۔ پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہو چکا۔ پیر اشرف رسول نے اپوزیشن کے امیدوار علی حیدر گیلانی کے لئے کاغذات نامزدگی لئے گئے مگر ابھی تک جمع نہیں کروائے گئے۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ کل اجلاس ختم ہونے سے پہلے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا تھا کہ پانچ بجے تک پیپرز لیئے جائیں گے اور پانچ بج کر دس منٹ پر سکروٹنی ہوگی، پانچ بجے تک سیکرٹری اسمبلی نے اپوزیشن کا انتظار کیا لیکن وہ نہیں آئے، ساڑھے پانچ بجے تک ہم سیکرٹری اسمبلی کے کمرے میں موجود رہے لیکن اپوزیشن نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ واثق قیوم بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں، اپوزیشن کو اپنی شکست نظر آرہی تھی انھوں نے راہ فرار اختیار کیا ہے، پنجاب کے عوام نے عمران خان کے بیانیے کو کامیابی دی ہے، واثق قیوم میرے ساتھ موجود ہیں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں،آج واثق قیوم بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں لیکن اسپیکر ان کا ایوان میں اعلان کریں گے اور یہ حلف بھی لیں گے۔ واثق قیوم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیر اعلی ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر تحریک انصاف کے پاس ہے، امپورٹڈ حکومت نے بڑے دعوے کےک تھے عوام نے ان کا علاج کردیا ہے، اب ہمارا رخ وفاقی حکومت کی جانب ہے، ہماری کامیابیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ شب ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کی نشست خالی ہوگئی تھی۔
مزیدخبریں