صدر، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت
08:38 PM, 30 Jul, 2023
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے باجوڑ میں جمعیت علما اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکہا کہ باجوڑ دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم ہے۔ اعلامیہ ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کےلیے دعائے مغفرت کی ہے۔ صدر مملکت نے زخمیوں کےلیے جلد صحتیابی کی بھی دعا بھی کی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زخمیوں کی بروقت طبی امداد کی ضرورت پر زور بھی دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں جمعیت علما اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے بھی باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ حملے میں شہید افراد کے لواحقین اور جمعیت علما اسلام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام کے زخمی کارکنوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا گو ہیں۔ سیاسی سرگرمی پر دہشتگردوں کا حملہ انتہائی تشویش ناک ہے۔