گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ سے زلزلہ
08:52 PM, 30 Jul, 2023
معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا کنسرٹ امریکا کے شہر سیٹل میں زلزلے کی وجہ بن گیا۔ ماہرِ سیسمولوجی کے مطابق کنسرٹ کے دوران مسلسل ڈانس سیٹل میں 2.3 شدت کے زلزلے کا سبب بنا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیٹل میں 2.3 شدت کا زلزلہ 22 اور 23 جولائی کی درمیانی شب لیومین فیلڈ اسٹیڈیم میں ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا جسے’سوئفٹ کوئیک (Swift Quake)‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل سیاٹل میں امریکی فٹبال شائقین کی جانب سے میچ کے دوران ڈانس کر کے جشن منانے کی وجہ سے ایک زلزلہ آیا تھا اور اس زلزلے کو ’بیسٹ کوئیک (Beast Quake)‘ کا نام دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدت کے اعتبار سے’سوئفٹ کوئیک‘ نے ’بیسٹ کوئیک‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ویسٹرن واشنگٹن یونیورسٹی میں ارضیات کے پروفیسر جیکی کیپلان اورباچ نے میڈیا کو بتایا کہ میں نےدونوں کنسرٹس کے ڈیٹا کا مشاہدہ کیا تو وہ تقریباً ایک جیسا ہے بس معمولی سا 0.3 کا فرق ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ٹیلر سوئفٹ کے حالیہ کنسرٹ میں ڈانس اور 2011ء میں فٹبال شائقین کے ڈانس کی وجہ سے آنے والے زلزلوں کی شدت کے درمیان فرق صرف 0.3 شدت کا تھا لیکن گلوکارہ کے حالیہ کنسرٹ میں لرزش دگنی اور مضبوط تھی۔