ویب ڈیسک: کینیڈا کے شہر کیلگری میں سکھ فارجسٹس کے زیراہتمام خالصتان ریفرنڈم میں ہزاروں سکھوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریفرنڈم کے اختتام پر سکھ فارجسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سکھ اپنی آزادی کی تحریک میں کسی بھارتی کی جان نہ لیں، ہم اپنا وطن ووٹ کی طاقت سے لیں گے۔ لوگوں کو قتل کرنا بھارت کی فطرت ہے۔ بھارت نے ہردیپ سنگھ کو قتل کیا،عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو “خالصائی انصاف “ کیا جائے گا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مودی میرا پیغام سن لے، ہم آزادی حاصل کرکے لیں گے اور بھارت کو “کل” کردیں گے۔ مودی اور بھارتی حکومت پنجاب میں قتل عام کی ذمہ دار ہے۔ خالصتان ریفرنڈم ہمارا ہتھیار ہے۔ بھارت بم مارتا ہے ہم نے پنجاب کے ہر گھر میں بم بنادیا ہے، جو خالصتانی ووٹ کے ذریعے “پھٹے” گا۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے دلی بنے گا خالصتان کے نعرے بھی لگوائے۔
گرپتونت سنگھ پنوں کے خطاب کے دوران شرکا کا جذبہ دیدنی، خالصتان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ صبح نو بجے ووٹنگ کے آغاز سے قبل ہی ووٹنگ مرکز کے باہر طویل قطاریں لگ گئی تھیں۔ ووٹ ڈالنے کیلئے آئے افراد کو اپنی باری کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔
شرکا کی زائد تعداد کے سبب ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانا پڑا۔ ووٹنگ کا وقت ختم ہوجانے کے باوجود سیکنڑوں افراد قطاروں میں کھڑے تھے۔ ووٹ ڈالنے کیلئے آئے افراد تمام دن خالصتان کے حق اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ووٹ ڈالنے والوں میں ہر عمر کے افراد شامل تھے، سینکڑوں افراد کوچز کے ذریعے ووٹنگ مرکز تک پہنچے تھے۔
انتظامیہ کی طرف سے تمام دن قطار میں کھڑے افراد کو پانی کی بوتلیں اور شربت تقسیم کیا جاتا رہا۔ بعض فنکار تمام دن ڈھول کی تھاپ پر شرکا کو خالصتان کے حق میں گیت سناتے رہے۔ دلی بنے گا خالصتان، شملہ ہریانہ دلی پنجاب، بنے گا خالصتان کے نعرے تمام دن گونجتے رہے۔