شاہد خاقان عباسی کے سپیکر قومی اسمبلی پر الزامات

07:39 AM, 30 Jun, 2021

اویس
اسلام آباد ( پبلک نیوز ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نہ یہ ہائوس قانون کے مطابق چلتا ہے ٗ نہ یہ ہائوس آئین کے مطابق چلتا ہے ٗ نہ یہ ہائوس پارلیمانی روایات کے مطابق چلتا ہے ٗ بار بار آپ کے ساتھ ایگریمنٹ ہوتے ہیں جن پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی ٗ کل رات اگر آپ ایک ووٹ کروا لیتے تو کیا قیامت آ جانی تھی ٗ یہ ہمارا حق ہے کہ جب بھی ووٹ چیلنج ہو گا ری کائونٹ کروایا جائے گا۔قومی اسمبلی میں سپیکر قومی اسمبلی پر مسلسل تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خورشید شاہ اس ہائوس کے پرانے ترین ممبران میں سے ٗ ان کی عزت حکومتی اور اپوزیشن دونوں بنچوں پر ہیں ٗ یہ کرسی آپ کو دو سال خالی نظر نہیں آئی ٗ یہ ہائوس روایات پر چلتا ہے ٗ آپ کی مرضی پر نہیں چلتا ٗ یہاں پر اپوزیشن لیڈر پر تین دن حملہ ہوتا رہا ٗ آپ یہاں بیٹھے ہوئے تھے ٗ ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے ٗ وزرا حملہ آور ہوئے ٗ گالیاں دی گئیں ٗ آپ کچھ نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے رولز نہیں پڑھے ٗ آپ نے پارلیمان کی روایات نہیں دیکھیں ٗ اگر اپوزیشن لیڈر یہاں تقریر نہیں کر سکتا تو شاید لیڈر آف دی ہائوس بھی نہ کر سکے ٗ ہم چاہتے ہیں کہ یہ ہائوس چلے ٗ سپیکر غیر جانبدار ہو ٗ فریق نہ ہو ٗ پھر یہ ہائوس چلے گا ٗ میری یہ گزارش ہے کہ اس ہائوس کے قوانین کا خیال کریں ٗ تقدس ہر روز پامال ہوتا ہے اس کا خیال کریں ۔ یہ آپ کی ذمہ داری ہے ٗ آپ کسٹوڈین آف دی ہائوس ہیں ٗ آپ فریق بن جائیں گے تو یہ ہائوس کیسے چلے گا اور آپ کھلے عام فریق ہیں ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجٹ کا ووٹ ہو ٗ ایک پارلیمانی لیڈر چیلنج کرے اور آپ اس کو ری کائونٹ نہ کروا سکیں ٗ اس سے بڑی جانبداری کیا ہوتی ہے ٗ بدنامی ہائوس کی ہوتی ہے ٗ آپ کی ہوتی ہے ٗ اس ہائوس کو روایات کے مطابق چلائیں۔
مزیدخبریں