’’تین سالوں میں ایوان کی عزت میں کمی ہوئی ہے ‘‘
07:54 AM, 30 Jun, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے تین تقاریر کا نچوڑ تھا کہ گزشتہ تین سال میں جس طرح ہمارا یہ ایوان چلا ہے اس سے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس ایوان کی عزت میں کمی آئی ہے ٗ جہاں پر یہ ہماری مجموعی ذمہ داری ہے کہ ایوان کی حرمت کی تحفظ کی جائے ٗ سب سے زیادہ ذمہ داری بحیثیت کسٹوڈین آپ پر آتی ہے کہ اس ایوان کی عزت وتوقیر ہمارے ووٹرز کی نظروں میں بڑھے۔قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ہم ووٹ کی عزت کا نعرہ لگاتے ہیں تو اس ایوان میں بھی ووٹ کو عزت ملنی چاہیے ٗ کل کی کارروائی میں ووٹ کی عزت یہاں بھی پامال ہوئی ہے ٗ رولز کو اگر فالو کر لیا جاتا تو حکومتی پارٹی اگر اکثریت میں تھی تو کیا فرق پڑتا ہے ٗ لیکن یہ ٗضرور ہوتا کہ اس کرسی کا وقار بلند ہوتا اور اس ایوان کا وقار بھی بلند ہوتا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے جو میرا مشاہدہ ہے کہ حکومتی پارٹی کے اوپر اس ایوان کو چلانے کی ذمہ داری سب سے زیادہ عائد ہوتی ہے اور یہ ان کے مفاد میں ہوتا ہے ٗ قانون سازی کے مفاد میں ہوتا ہے کہ حکومت اور حکومت مل کہ جو بھی معاملات ہیں اس ایوان کے ان کو حل کرے ٗ اس ملک کو اہم مسائل درپیش ہیں ٗ اندرونی یا خارجی مسائل پر کوئی بحث یہاں پر نہیں ہو پارہی ہے ٗ مختلف معاملات پر جو کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ان کمیٹیوں کا کیا حشر ہوا ٗ وہ کمیٹیاں کا وجود بھی آج مشکوک ہے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جب اس ہائوس میں ہنگامہ ہوتا ہے ٗ کتابیں چلتی ہیں تو پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا سر شرم سے جھک جاتا ہے ٗ ہم یہاں پر 22 کروڑ عوام کی خواہشوں کا مظہر ہے ٗ جب ہمارا رویہ جمہوری کیخلاف ہو تو ایک جمہوری کلچر وہ عوام میں یا اس ملک کے دور دراز کے علاقوں سے لیکر اسلام آباد تک کیسے پروان چڑھ سکتا ہے۔ یہاں سے جمہوری کلچر بڑھے گا اور ہماری جو وفاقی پارلیمانی جمہوریت ہے اس کی روح یہ ہے کہ یہ ایوان باوقار اور باعزت طریقے سے چلایا جائے۔ جناب سپیکر ! آپ کا رول اس میں اٹل ہے۔اس وقت ہماری سرحدوں کے اس پار جو کچھ ہو رہا ہے ٗ جو کچھ چھ ماہ میں ہونے والا ہے اللہ تعالیٰ معاف کرے کہ اگر حالات بگڑ گئے تو ان کا براہ راست اثر اس ملک پر ہو گا۔