امریکی خاتون 50 ارب ڈالر کے باوجود امیر نہ ہوئی
11:52 AM, 30 Jun, 2021
نیو اورلینز ( ویب ڈیسک ) کہا جاتا ہے کہ قسمت کی دیوی کسی پر بھی مہربان ہو سکتی ہے لیکن امریکہ میں ایک خاتون پر قسمت کی دیوی چار دن کیلئے مہربان ہوئی جب اس کے اکائونٹ میں نہ جانے کہاں سے 50 ارب ڈالر آگئے مگر پھر ایک بار اس نے دیکھا تو اسے وہ رقم دوبارہ اپنے اکائونٹ سے غائب نظر آئی ۔تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست لوزیانا کی ایک خاتون کے بنک اکائونٹ میں تکنیکی غلطی کی وجہ سے 50 ارب ڈالر کی رقم آگئی ٗ خاتون کے شوہر ڈیرن جیمز کا کہنا ہے کہ جب ہمیں معلوم ہوا کہ چپس بنک کے میری اہلیہ کے اکائونٹ میں اتنی بڑی رقم آگئی ہے تو اس پر ہمارا ردعمل مختلف تھا ٗ میں نے سوچا کہ کہیں کوئی لاٹری خریدی ہوئی یا ایسی ہی کوئی اور بات تو میرا جواب نفی میں تھا ٗ پھر ہم نے اپنی بیگم کے ساتھ مل کر سوچا کہ ہمارے کسی محبت کرنے والے نے یہ رقم بھیجی ہو تو ایسا بھی نہیں تھا کیونکہ ہمارے جاننے والوں کو کوئی اتنا امیر تھا ہی نہیں۔ڈیرن جیمز کا کہنا ہے کہ ہمارے دو بچوں کا خیال تھا کہ یہ کوئی ہمارا بہت امیر رشتہ دار ہے جو مرنے سے پہلے ساری دولت ہمارے نام کر گیا ہے مگر مجھے جلد ہی احساس ہو گیا کہ یہ کوئی تکنیکی غلطی ہے ٗ جب ہم نے بنک سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان کے سسٹم میں کچھ مسئلہ ہے۔ اب ہم ایسے ارب پتی تھے جو بار بار اپنے ا کائونٹ میں موجود ان ہندسوں کو دیکھتے رہے مگر ہم اس رقم کو خرچ نہیں سکتے تھے کیونکہ وہ ہماری نہیں تھی اور پھر چار دن بعد وہ رقم ہمارے اکائونٹ سے غائب ہو گئی ۔