ویب ڈیسک: کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد عالمی رہنماؤں نے وبائی امراض سے متعلق بین الاقوامی معاہدے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 20 سے زیادہ ممالک کے رہنماؤں نے مستقبل میں وبائی امراض کی تیاری میں مدد کرنے کے لئے ایک نیا عالمی معاہدہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سمیت رہنماؤں کے دستخط کے ساتھ ایک مشترکہ خط میں کہا گیا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کوویڈ سب سے بڑا چیلنج تھا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کہا کہ اس وبا نے یہ ثابت کیا کہ کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، جب تک کہ ہر شخص محفوظ نہ ہو۔
یہ خط برطانوی "ڈیلی ٹیلی گراف"، فرانسیسی "لی مونڈے" اور ہسپانوی "ایل پاس" جیسے اخبارات میں شائع ہوا ہے، خط میں دستخط کنندگان کے خیال کے مطابق نیا معاہدہ لوگوں کو ممکنہ وبائی امراض سے آگاہ کرنے کے لئے بہتر نظام بنانے میں مدد فراہم کرے گا، جبکہ ویکسین اور ذاتی حفاظتی آلات کی ڈیٹا شیئرنگ اور تقسیم میں بہتری لائے گا۔
یاد رہے کہ عالمی رہنماؤں کا خط برطانیہ اور یوروپی یونین کے مابین ویکسینوں کے معاملے پر تنازعہ کے بعد سامنے آیا۔