سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان

01:05 PM, 30 Mar, 2022

احمد علی

پاکستان کی سیاست میں تو تیزی کا رحجان ہے لیکن ملک کی سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مندی کا رجحان غالب رہا۔ انڈیکس کاروبار کے دوران 450 پوائنٹس تک گرنے کے بعد کاروبار کے اختتام پر 101 پوائنٹس منفی پر بند ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان کی بڑی وجہ ملک میں سیاسی غیریقینی کی صورتحال ہے۔ تجزیہ کار شہریار نے کہا کہ بدھ کے روز ملک میں سیاسی محاذ پر خبروں اور قیاس آرائیوں کا اثر کاروبار پر بھی پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’سٹاک مارکیٹ سیاسی محاذ پر ہونے والی پیش رفت یا تبدیلیوں پر ردعمل دیتی ہے اور بدھ کے روز مندی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے‘۔

دوسری جانب ملک میں بڑھتا ہوا سیاسی بحران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔ بدھ کے روز انٹربنک میں ڈالر کی مقابلے میں روپے کی قیمت میں مزید 30 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ڈالر کی قیمت پاکستانی روپے کے مقابلے میں ملکی تاریخ کی بلند سطح 182.64 روپے پر رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 183.90رہی۔

مزیدخبریں