جی بی پولیس سیکیورٹی کیلئے اپنی حدود کے باہر تعینات نہیں ہو سکتی ،اسلام آبادہائیکورٹ
06:11 PM, 30 Mar, 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان پولیس سیکورٹی کیلئے اپنی حدود کے باہر تعینات نہیں ہو سکتی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی گلگت بلتستان کی سیکیورٹی پر جی بی پولیس دوسرے صوبوں میں جانے پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے وزیر اعلی گلگت بلتستان کے درخواست پر سماعت کی ۔ اسلام ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا میاں علی اشفاق اور قدیر جنجوعہ پیش ہوئے ۔ وفاقی حکومت کے پابندی کے موقف کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے درست تسلیم کر لیا۔عدالت نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس وی آئی پی سیکورٹی کے لیے اپنی حدود کے باہر تعینات نہیں ہو سکتی ۔ دوران سماعت وفاقی حکومت نے وی آئی پی سیکیورٹی سے متعلق رولز عدالت میں پیش کر دئیے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل بیرسٹر منور دوگل نے سیکورٹی رولز عدالت کے سامنے پیش کئے۔ وی آئی پی سیکیورٹی متعلق رولز پی ٹی آئی دور حکومت میں کابینہ نے منظور کئے تھے، پی ٹی آئی حکومت نے 10 ستمبر 2021 کو رولز منظور کئے تھے۔رولز کے متن کے مطابق وی آئی پی کی سیکورٹی متعلقہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔ خیال رہے کہ وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن وزیر اعلی گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان حکومت نے چیلنج کیا تھا، وزارت داخلہ نے جی بی پولیس اہلکاروں کو دوسرے صوبوں میں ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی تھی،جی بی پولیس کو دوسرے صوبوں میں لے جانے پر پابندی کا وزارت داخلہ نے 24 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔