عمران خان کو رہا کرانےکااعلان ،کیا ٹرمپ کا ویڈیو کلپ جعلی تھا؟مزیدجانئے

10:02 AM, 30 Mar, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان کے بعض سیاسی حلقوں میں تاثر پایا جا رہا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کی صورت میں عمران خان کو جیل سے رہا کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دعوے کی بنیاد ایک ویڈیو کلپ تھا اور یہ دعوی پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں بھی دہرایا گیا۔

تاہم اب امریکی میڈیا نے فیکٹ چیک کر کے بتایا کہ کہ ٹرمپ کا یہ کلپ جعلسازی کے ذریعے بنایا گیا ہے۔

24 مارچ کو سامنے انے والے ویڈیو کلپ میں ٹرمپ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے ”میرے پاکستانی امریکی دوستو میں وعدہ کرتا ہوں کہ اگر میں جیت گیا تو میں اپنی پوری کوشش کروں گا کہ عمران خان کو جلد سے جلد جیل سے باہر لے آؤں ۔ وہ میرا دوست ہے، مجھے اس سے محبت ہے، میں دوبارہ حکومت میں انے کے لیے اس کی حمایت کروں گا۔“

امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے نے اپنے فیکٹ چیک میں بتایا کہ اصل ویڈیو 2017 کی ہے جس میں ترمیم کر کے عمران خان کا حوالہ شامل کیا گیا۔

اخبار نے کہا کہ اضافی شامل کی گئی آڈیو ٹرمپ کے ہونٹوں کی حرکت سے مطابقت نہیں رکھتی۔

اصل ویڈیو 2017 میں این بی سی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کی ہے جو حصہ جعلی ویڈیو کے لیے استعمال کیا گیا ہے اس میں ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں روسی مداخلت پر ایف بی آئی تحقیقات کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق اس پورے انٹرویو میں عمران خان کا کوئی حوالہ نہیں۔

ویڈیو کلپ کے جعلی ثابت ہونے کے بعد اب فیس بک نے بھی اس کے اوپر تبدیل شدہ ویڈیو کی وارننگ لگا دی ہے۔

مزیدخبریں