9 مئی واقعہ، 51 ملزمان کو کڑی سزا سنا دی گئی، اہم نام شامل

04:51 PM, 30 Mar, 2024

ویب ڈیسک:گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گذشتہ سال 9مئی کو راہوالی کینٹ چیک پوسٹ پر حملے کے مقدمے میں مختصر فیصلہ سنایا ہے۔ اس کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی کلیم اللہ خان سمیت 51 ملزمان کو پانچ، پانچ سال قید کی سزا دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ عدالت کی جج مسز نتاشہ نسیم نےسنیچر کو مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنایا، ملزمان کا سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں ٹرائل کیا گیا تھا اور فیصلہ بھی جیل کے کورٹ روم میں سنایا گیا،اس موقع پر جیل کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

مقدمے میں پنجاب اسمبلی کے رکن کلیم اللہ خان، پی ٹی آئی کے مقامی راہنمائوں جمال ناصر چیمہ، رضوان ظفر چیمہ، رضوان مصطفیٰ سیان، سابق ایم پی اے شبیر مہر سمیت 23 نامزد اور 400 نامعلوم افراد ملزم تھے جبکہ بعض ملزمان کو بعد ازاں شناخت ہونے پر مقدمے کی ضمنیوں میں نامزد کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی، ایس ایس پی انویسٹیگیشن ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت آٹھ افسران و اہلکاران زخمی ہوئے مقدمے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو بھی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کی قیادت و کارکنوں کی جانب سے 9 مئی کو آرمی چیک پوسٹ راہوالی کینٹ اور پاکستانی فوج و پولیس اہلکاروں پر حملوں کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، کیس کا تفصیلی فیصلہ ابھی جاری نہیں کیا گیا،مقدمے میں پی ٹی آئی کے 51 کارکنان گرفتار ہیں۔

تھانہ کینٹ میں 10 مئی 2023 کو درج ہونے والے مقدمے میں ناجائز اسلحہ، قتل و دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔ مقدمے کے مدعی ایس ایچ او مدثر رفیق بٹ ہیں۔

خیال رہے کہ 9 مئی حملوں میں راہوالی چیک پوسٹ کے قریب راشد مقبول نامی نوجوان جاں بحق ہوا تھا جوکہ پولیس رضاکار بتایا گیا۔

مزیدخبریں