مسلم لیگ(ن) کا عمران خان کو معاشی چیلنج

10:15 AM, 30 May, 2021

اویس
لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیلنج کرتے ہیں کہ وہ 2018 اور 2021 کے معاشی اعداد و شمار کا موازنہ جاری کریں ٗ عمران صاحب ہمت کر کے 2018 اور 2021 کے معاشی اعدادوشمار کا موازنہ جاری کریں اور آئینہ دیکھیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ نالائق ، جھوٹی اور کرپٹ حکومت نے پہلے معیشت تباہ کی اور اب تباہ شدہ معیشت پہ فخریہ ٹویٹ کرتے ہیں ٗ معیشت کی تباہی، بربادی اور اسے زمیں بوس کرنے کے بعد ہر روز جھوٹ بولنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی ٗ جھوٹے اعدادوشمار کی جادو گری کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے معاشی اہداف تک آپ پہنچ نہیں پائے، جھوٹ بولتے ہوئے کچھ تو شرم کریں ؟۔انہوں نے کہا کہ 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت اور 3 فیصد پر مہنگائی کی شرح والی معیشت کو 3 سال میں آپ نےمنفی 0.4 اور 16 فیصد مہنگائی پر پہنچا دیا ٗ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پانچ سال میں 10000 ارب قرض لے کر ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ٗ آپ نے 3 سال میں 15000 ارب تاریخی قرض لے کر ایک نئی اینٹ نہیں لگائی، یہ ہے آپ کی کارکردگی؟ ٗ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے آخری سال میں ایف بی آر نے 3842 ارب جمع کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔مسلم لیگ(ن) کی ترجمان نے کہا کہ تین سال میں آپ کو اپنے مقرر کردہ اہداف پر بھی نظر ثانی کرنا پڑی جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا ٗرواں برس 4500 ارب کا ہدف پورا ہونہیں سکا، آئندہ سال کے لئے 5.8 کھرب کا ہدف رکھ کر کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟ ٗجھوٹ اور جعلسازی سے آنے والی حکومت جھوٹ اور جعلسازی پر زندہ ہے۔
مزیدخبریں